حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزمِ پیمبرانِ سخن کے زیر اہتمام ایک ادبی نشست کا انعقاد، جشنِ مولود حرم کے عنوان سے نور الٰہی کالونی نئی دہلی میں مرحوم نظر عباس کے دولت خانے پر کیا گیا؛ جس میں دہلی کے نامور شعرائے کرام نے شرکت کی اور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
نشست کی صدارت و نظامت مولانا حیدر علی جعفری پیش امام مسجد امام جعفر صادق علیہ السلام نورالٰہی دہلی نے کی۔
نشست کے لیے مصرع دیا گیا تھا: ع کامیابی کے لیے کردارِ حیدر چاہیے۔
دئیے گئے مصرع پر شعرائے کرام نے منقبتی اشعار پیش کیے۔
اس بزم کے زیر اہتمام ہر ماہ میں ایک مرتبہ نشست کا انعقاد کیا جاتا ہے جس سے نو عمر شعراء کی آبیاری ہوسکے۔
آج کے اس دور میں نئے شعراء کے لیے تربیت کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بزم کا وجود عمل میں آیا ہے۔
شعرائے کرام کے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں:
ماسٹر مشرف علی، اعظم نوگانوی اور مولانا ہاشم علی ہاشم نے نشست میں آن لائن شرکت کی۔
منتخب اشعار
تجربات زندگی نے یہ سبق ہم کو دیا
کامیابی کیلئے کردار حیدر چاہیے
مغل زادہ اختر مرزا سانکھنوی
اک تبسّم سے صف اعدا الٹنے کیلئے
حوصلہ عبّاس غازی کے برابر چاہیے
منصور سانکھنوی
جانشینِ احمد مختار ہے میرا مام
اس کے سونے کے لیے احمد کا بستر چاہئیے
مولانا ہاشم علی ہاشم
ہر مرض کے واسطے نام محمّد ہے شفاء
پر نبی کو ضعف میں زھرا کی چادر چاہیے
محمّد مہدی سانکھنوی
اپنے بچوں کو کھلاؤ تم سدا رزق حلال
مرتضیٰ کے ہاتھ سے گر جام کوثر چاھے
ماسٹر مشرف سانکھنوی
سب کو مل جائیگی مولا کی غلامی کی سند
شرط اتنی سی ہے بس کردار قنبر چاہیے
اعظم نوگانوی صاحب
کم سے کم ایسا تو داماد پیمبر چاہیے
جس کی پیدائش کو بھی اللّه کا گھر چاہیے
فجر مرزا سانکھنوی
چاہیے ان کو یتیموں کی مٹائیں بھوک و پیاس
جن کو محشر میں علی سے جام کوثر چاہیے
مولانا حیدر علی جعفری صاحب
قید سے یعقوب کو پہنچی نہ بوئے پیرہن
پھر ہوا کو دشت میں چلنا مکرر چاہئیے
ڈاکٹر مرزا کیفی سلطان سانکھنوی
اٹھ رہے ہیں پھر دوبارہ حرملہ جیسوں کے سر
سر کچلنے کے لئے پھر ایک اصغر چاہیے
جناب جری بگھروی صاحب
کہہ رہا تھا ایک دن یہ اوج فاراں کا خطیب
فتح خیبر کے لئے مرد مذکّر چاہئے
مولانا بابر عظمتی سانکھنوی صاحب
مصطفیٰ کا جانشیں آنے کو ہے حق کا ولی
حق تو بنتا ہے اسے اللّه کا گھر چاہیے
جناب ذوالفقار باقر صاحب پندھیڑوی
نشست کے آخر میں نشست میں شریک تمام شعرائے کرام نے ملک عزیز میں امن و سلامتی کے لیے دعا کی۔









آپ کا تبصرہ